
زیارت(یو این اے) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی دہشت گردوں کو عملی پیغام دیتے ہوئے بغیر بلٹ پروف عام گاڑی میں زیارت پہنچ گئے، جہاں انہوں نے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ حاصل کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی نے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جاری کارروائیوں، سیکیورٹی انتظامات اور مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیراعلی کی عام گاڑی میں آمد کو دہشت گردوں کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے سامنے جھکنے والی نہیں اور صوبے میں ریاستی عملداری ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔ وزیراعلی نے سیکیورٹی اداروں کے عزم کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



