
کوئٹہ(یو این اے )وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع زیارت میں دہشت گردوں کے خلاف بلوچستان پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کامیاب مشترکہ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی میں دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت، مثر حکمت عملی اور غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے عناصر کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی اور دہشت گرد کہیں بھی چھپ نہیں سکیں گے۔اپنے بیان میں وزیراعلی نے کہا کہ زیارت میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے کے بعد بلوچستان پولیس، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے انتہائی مربوط انداز میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن مکمل کیا، جس سے ثابت ہوگیا کہ ریاست اپنے دشمنوں سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پولیس کے افسران اور جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہشت گردوں کا جوانمردی اور پیشہ ورانہ مہارت سے مقابلہ کیا اور فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرکے قربانی اور حب الوطنی کی نئی مثال قائم کی۔ انہوں نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیراعلی نے کہا کہ حکومت شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان پاکستان کا مضبوط قلعہ ہے اور یہاں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں، امن خراب کرنے والوں اور قانون کو للکارنے والوں کا انجام صرف شکست، گرفتاری یا ہلاکت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ دہشت گرد نیٹ ورکس، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والے عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد چاہے پہاڑوں میں چھپیں، دشوار گزار علاقوں میں پناہ لیں یا کسی بھی مقام پر موجود ہوں، قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں ہر صورت انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہید کے خون کا حساب لیا جائے گا اور دہشت گردوں کو قانون کی گرفت یا جہنم کے سوا کوئی راستہ نہیں ملے گا۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر صوبے کے امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں، تاہم حکومت، سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور عوام کے اتحاد کے سامنے ان کے تمام ناپاک عزائم ناکام ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ صوبے میں پائیدار امن، ریاستی رٹ اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔



