
کوئٹہ/زیارت (یو این اے) زیارت کے علاقے مانگی میں مسلح دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ بعد ازاں سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ایس پی زیارت عبدالقدوس کے مطابق حملہ مانگی میں قائم پولیس چوکی پر کیا گیا، جہاں دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حملے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جن کی میتیں ضروری کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں۔
ایس پی زیارت نے بتایا کہ حملے کے دوران مسلح افراد 5 پولیس اہلکاروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سیکیورٹی فورسز نے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں اور مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
حکام کے مطابق حملے کے بعد ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کرکے کلیئرنس آپریشن کیا، جس کے دوران 15 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن اور سیکیورٹی اقدامات بدستور جاری ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔



