
لاہور (یو این اے)ڈیفنس میں دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کے مقدمے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ایک غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے معاملے میں تین ملزمان کے ڈی این اے نمونے میچ کر گئے ہیں، جن میں ملزم نواز کا نام سرفہرست ہے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ ملزم نواز کے بعد دیگر ملزمان نے بھی خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کی، جبکہ پولیس نے آٹھ ملزمان کے ڈی این اے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوائے تھے اور دیگر نمونوں کا تجزیہ جاری ہے۔دوسری جانب اغواکاروں کی گاڑی کی ٹکر سے متاثر ہونے والی گاڑی کے مالک عثمان نے بھی مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ مقدمے کے مطابق وہ نجی سوسائٹی سے بھٹہ چوک جا رہے تھے کہ ایئرپورٹ روڈ پر ایک گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری، جس سے تقریبا تین لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد دونوں غیر ملکی خواتین گاڑی سے نکل کر قریبی دکان میں پناہ لینے میں کامیاب ہوئیں۔ادھر اسی کیس سے متعلق جوڈیشل مجسٹریٹ کو مبینہ طور پر دھمکانے کے مقدمے میں ایس ایچ او ڈیفنس سی فریاد علی نے سیشن کورٹ لاہور سے عبوری ضمانت حاصل کر لی۔ عدالت نے انہیں 10 جولائی تک گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے پولیس سے جواب طلب کر لیا اور ایس ایچ او کو تفتیش میں شامل ہونے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔



