ہنہ اوڑک میں مقامی آبادی پر حملوں کی شدید مذمت، عوام کا تحفظ یقینی بنایا جائے
ہنہ اوڑک واقعات کی شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ(یو این اے )پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز میں ہنہ اوڑک کے علاقوں کلی ببری اور کلی سارنگزئی میں مقامی آبادی پر ہونے والے مسلح حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت ناقابل قبول ہے۔بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ حملے کے بعد حکومتی دعوں اور مذاکرات کے باوجود ایک بار پھر علاقے میں مسلح حملے اور فائرنگ کے واقعات پیش آئے، جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہے۔ پارٹی کے مطابق ان واقعات سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔پریس ریلیز میں مطالبہ کیا گیا کہ حملوں کی فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق کٹہرے میں لایا جائے، زخمیوں کو فوری طبی سہولیات اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب امداد فراہم کی جائے، جبکہ علاقے میں پائیدار امن و امان کے قیام کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔ پارٹی نے کہا کہ وہ عوام کے حقوق اور تحفظ کے لیے ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔



