
کوئٹہ(یو این اے )وزیر اعلی بلوچستان کے معاون خصوصی شاہد رند نے بتایا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر (FIR) درج کر لی گئی ہے۔ گزشتہ روز پیش آنے والے اس اندوہناک حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے تھے۔معاون وزیر اعلی شاہد رند کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ غفلت کے مرتکب عناصر کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حادثے کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ حکومت بلوچستان کو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب صوبے میں مسافر گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات پر مثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور عوامی تحفظ کے لیے ٹرانسپورٹ قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔



