بلوچستان

منشیات، نشہ آور ادویات، شیشہ پوائنٹس کی کھلے عام دستیابی تشویشناک ہے، سید صادق آغا

نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں۔عالمی یوم منشیات پر پیغام

منشیات، نشہ آور ادویات، شیشہ پوائنٹس کی کھلے عام دستیابی تشویشناک ہے، سید صادق آغا
منشیات، نشہ آور ادویات، شیشہ پوائنٹس کی کھلے عام دستیابی تشویشناک ہے، سید صادق آغا

کوئٹہ(یو این اے )پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے منشیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال، بالخصوص کوئٹہ میں منشیات، نشہ آور ادویات، ٹیبلیٹس اور غیر قانونی شیشہ پوائنٹس کی کھلے عام دستیابی پر شدید تشویش اور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال معاشرے، خصوصا نوجوان نسل کے مستقبل کیلئے ایک سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ منشیات کے خلاف آگاہی اور انسداد کے دعوں کے باوجود مختلف اقسام کی منشیات، نشہ آور اشیا اور بعض ادویات تک رسائی آسان ہونے کے باعث نوجوان تیزی سے اس لعنت کا شکار ہو رہے ہیں۔ یہ رجحان نہ صرف تعلیمی اداروں اور معاشرتی ماحول کو متاثر کر رہا ہے بلکہ گھریلو نظام، امن و امان اور سماجی اقدار کیلئے بھی نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ منشیات فروش عناصر نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں اور غیر قانونی شیشہ پوائنٹس بھی نوجوانوں کو نشے کی طرف راغب کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ والدین، اساتذہ، سماجی تنظیموں، علما کرام اور سیاسی قیادت کو بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی تاکہ نوجوانوں میں منشیات کے نقصانات سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں منشیات جیسی مہلک لعنت سے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سید صادق آغا نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں منشیات فروشوں، نشہ آور ادویات کی غیر قانونی فروخت اور غیر قانونی شیشہ پوائنٹس کے خلاف خصوصی مہم شروع کی جائے، تعلیمی اداروں کے اطراف نگرانی مزید سخت کی جائے اور نوجوانوں کیلئے صحت مند، تعلیمی اور تفریحی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button