
ژوب (یو این اے )دانا سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر کوچ حادثے کے حوالے سے ایک زخمی مسافر کے بیان نے تحقیقات کو نیا رخ دے دیا ہے۔ زخمی عینی شاہد نے دعوی کیا ہے کہ حادثے سے قبل کوچ کے ڈرائیور اور بعض مسافروں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا، جس کے بعد ڈرائیور نے مبینہ طور پر غصے میں گاڑی کا اسٹیئرنگ کھائی کی جانب موڑ دیا، جس سے کوچ سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری۔زخمی مسافر، جو زیر علاج ہے، کے مطابق کوچ کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی، جس میں 45 مسافروں کے علاوہ دو ڈرائیور اور دو کنڈیکٹر سمیت مجموعی طور پر 49 افراد سوار تھے۔ اس کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران چند مسافروں اور ڈرائیور کے درمیان شدید جھگڑا ہوا۔عینی شاہد نے مزید دعوی کیا کہ دانا سر میں ایک چیک پوسٹ پر ایف سی کی جانب سے گاڑی سے ایرانی ڈیزل اور دیگر سامان قبضے میں لینے کے بعد ڈرائیور شدید غصے میں تھا اور مسافروں سے تلخ لہجے میں بات کر رہا تھا۔ اس کے بقول کچھ ہی دیر بعد کوچ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔حادثے کے بعد مقامی افراد، ریسکیو ٹیموں، لیویز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے دشوار گزار علاقے میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو کھائی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ زخمی مسافر کا بیان تحقیقات کا حصہ ہے، تاہم حادثے کی اصل وجوہات کا تعین مکمل تحقیقات کے بعد ہی کیا جائے گا۔ تفتیشی ٹیمیں زخمیوں کے بیانات، کوچ کی فنی حالت، بریک سسٹم، سڑک کے حالات اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا اور تمام پہلوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات جاری ہیں۔



