اورماڑہ۔ سید مہیم جان بلوچ کی سربراہی میں عظیم الشان امن ریلی، عوام کا پاک افواج سے یکجہتی کا اظہار
عوامی عزم کو اجاگر کرنے کے لیے ایک عظیم الشان ’’امن ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔

ہمارا مقصد بحالیِ امن، اورماڑہ میں سینکڑوں شہریوں کا پاکستانی پرچم تھامے دہشت گردی کے خلاف اور ملکی استحکام کے حق میں پرجوش ریلی کا انعقاد، تفصیلات کے مطابق اورماڑہ اور اس کے گرد و نواح میں امن و امان کے مستقل قیام، ملکی سالمیت کے تحفظ اور دہشت گرد عناصر کے خلاف عوامی عزم کو اجاگر کرنے کے لیے ایک عظیم الشان ’’امن ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت معروف مذہبی و روحانی پیشوا، چیئرمین یونین کونسل اور سابق کوآرڈینیٹر وزیر اعلیٰ بلوچستان سید مہیم جان بلوچ نے کی جس میں اورماڑہ شہر اور مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں شہریوں، آل پارٹیز انجمن تاجران، معتبرین و معززین اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کر کے امن پسندی کا ثبوت دیا۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’ہمارا مقصد بحالیِ امن ہے‘‘، ’’We want peaceful Ormara‘‘ اور ’’ملکی امن ہماری اولین ترجیح ہے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ یہ پرامن مہم سید مہیم جان بلوچ کے مہمان خانے سے شروع ہوئی اور شہر کی مختلف شاہراہوں، تجارتی مراکز اور معروف فٹبال چوک سے ہوتی ہوئی دیمی زر روڈ، سروس روڈ اور مین روڈ پر گامزن رہی۔ ریلی کے راستوں پر شرکاء نے وطنِ عزیز کی سالمیت اور امن کے حق میں پرجوش نعرے بازی بھی کی، جس کے بعد یہ ریلی دوبارہ اپنے آغاز کے مقام یعنی سید مہیم جان بلوچ کے مہمان خانے پر پہنچ کر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ اس عظیم الشان ریلی کا بنیادی مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ اورماڑہ کے عوام کسی بھی قسم کی بدامنی یا شرپسندی کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور خطے میں امن و امان کی بحالی ان کا اولین مقصد ہے۔ شرکاء نے واشگاف الفاظ میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک دشمن اور دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ریلی کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے سید مہیم جان بلوچ نے واضح کیا کہ بلوچستان کا مستقبل صرف اور صرف امن، تعلیم اور ترقی سے وابستہ ہے اور ملکی استحکام و استحکامِ پاکستان کے تحفظ کے لیے خطے کا بچہ بچہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ یکجان ہو کر کھڑا ہے۔



