


تہران (یو این اے) ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے سلسلے میں ملک بھر میں سات روزہ سوگ اور تعزیتی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق ان کا جسدِ خاکی تہران کے جنوبی علاقے میں واقع امام خمینی حسینیہ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ نمازِ جنازہ میں ملک بھر سے لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ سیکیورٹی اور انتظامی ادارے تقریبات کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق تہران کے امام خمینی مصلیٰ میں تعزیتی تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے، جہاں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں تابوت لایا گیا۔ ایران بھر میں سوگ کی فضا ہے اور شہری اپنے رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
ایرانی حکومت نے 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل جبکہ 8 جولائی کو یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران سرکاری سطح پر خصوصی تعزیتی تقریبات اور دعائیہ اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق آخری رسومات میں مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت، پارلیمانی رہنما، وزرائے خارجہ اور خصوصی سرکاری وفود شرکت کریں گے۔ 3 جولائی کی صبح تہران میں الوداعی تقریب کا آغاز ہوگا، جس میں غیر ملکی وفود بھی شریک ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں ایک وفد تہران پہنچ چکا ہے، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد بھی تہران روانہ ہونے والا ہے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی ایران پہنچ چکے ہیں، جہاں ایرانی وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا۔
رپورٹ کے مطابق سات روزہ سوگ کی تقریبات کا آغاز 3 جولائی سے تہران میں ہوا ہے، جبکہ ان کا اختتام 9 جولائی کو مشہد میں حرمِ امام رضا میں تدفین کے ساتھ ہوگا۔