
عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے افغانستان میں طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ اور چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں غیر ملکی میڈیا کے مطابق عدالت میں دونوں رہنماؤں پر انسانیت کے خلاف جرائم کے تحت خواتین، لڑکیوں اور دیگر افراد کے خلاف صنفی اور سیاسی بنیادوں پر ظلم و ستم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق پری ٹرائل چیمبر II نے اس بات کے معقول شواہد دیکھے ہیں کہ دونوں رہنما 15 اگست 2021 کو طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے صنفی بنیادوں پر ظلم و ستم کے احکامات دینے، اس کی ترغیب دینے یا اس میں کردار ادا کرنے کے ذمہ دار ہو سکتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ مبینہ جرائم کا ہدف وہ خواتین، لڑکیاں اور افراد تھے جو طالبان کی صنفی پالیسیوں، صنفی شناخت یا اظہار سے مطابقت نہیں رکھتے تھے یا جنہیں خواتین کے حقوق کی حمایت کرنے والا سمجھا جاتا تھا۔



