بلوچستانتازہ ترینپاکستان

اورماڑہ میں مہمان خانے پر دھماکے کے بعد معروف روحانی پیشوا سید مہیم جان بلوچ کا باضابطہ بیان سامنے آ گیا

دہشت گردوں کے مذموم مقاصد ہمیشہ ناکام رہیں گے، پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سید مہیم جان بلوچ

 شرپسند عناصر موٹر سائیکل کے ذریعے ریموٹ کنٹرول بم لائے تھے
شرپسند عناصر موٹر سائیکل کے ذریعے ریموٹ کنٹرول بم لائے تھے

کوئٹہ(یو این اے )دہشت گردوں کے مذموم مقاصد ہمیشہ ناکام رہیں گے، پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، نوجوانوں کو گمراہ کرنے والے عناصر کو منہ کی کھانی پڑے گی، معروف روحانی پیشوا کا دوٹوک موقفمعروف مذہبی و روحانی پیشوا، چیئرمین یونین کونسل اور سابق کوآرڈینیٹر وزیر اعلی بلوچستان سید مہیم جان بلوچ نے اپنے مہمان خانے پر ہونے والے بم دھماکے پر سخت اور دوٹوک رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور وہ وطنِ عزیز کے امن و استحکام کے لیے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ معروف صحافی محمود سگار سے ایک خصوصی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سید مہیم جان بلوچ نے واقعے کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق شرپسند عناصر موٹر سائیکل کے ذریعے ریموٹ کنٹرول بم لائے تھے اور اسے مہمان خانے میں کھڑی ان کی گاڑی میں مبینہ طور پر نصب کرنے کی تگ و دو میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ مکافاتِ عمل اور قدرت کا انصاف دیکھیے کہ جو تباہی وہ دوسروں کے لیے لائے تھے وہ خود ہی اس کا شکار ہو گئے۔ معصوم جانوں کو نشانہ بنانے کی یہ ناپاک سازش خود حملہ آور کے اپنے ہی عبرت ناک انجام کا سبب بن گئی اور وہ اپنی بچھائی ہوئی بارود کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ واضح رہے کہ تحقیقات کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت راجا کے نام سے ہوئی ہے جو بم کی سیٹنگ اور پلاننگ کے دوران خود ساختہ دھماکے کی زد میں آیا۔ سید مہیم جان بلوچ نے اس کارروائی کو بلوچی اقدار پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہمان خانے پر وار دراصل بلوچ قوم کی مقتدر روایات اور دیرینہ مہمان نوازی پر حملہ ہے لیکن ایسے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ سید مہیم جان بلوچ نے بلوچ نوجوانوں کو مخلصانہ اور دردمندانہ پیغام دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال ہونے سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ورغلا کر گمراہ کرنے کی منظم سازشیں کی جا رہی ہیں جنہیں شعور اور بصیرت کے ساتھ ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے ملکی دفاع کے لیے پاک افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عزم دہرایا کہ خطے میں مستقل امن کے قیام اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے وہ ہمیشہ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ہر محاذ پر ان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button