بلوچستان
کوئٹہ،دشت میں قیدی پولیس وین کے قریب زور دار دھماکہ، 4 اہلکار زخمی
میاں غنڈی لنک روڈ پر قیدیوں کو لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن شروع کردیا

دشت (یو این اے )ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں میاں غنڈی لنک روڈ پر پیرولی کے مقام پر پولیس کی گاڑی کے قریب زور دار بم دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار معمولی زخمی ہوئے جبکہ گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ ایس ایچ او دشت اختر محمد کے مطابق، پولیس کی گاڑی دشت عدالت سے قیدیوں کو لے کر مستونگ جیل منتقل کر رہی تھی کہ راستے میں پیر ولی کے مقام پر دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اسے نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



