بلوچستان

بلوچستان میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 درمیانے درجے کے جھٹکے ریکارڈ

بارکھان، موسی خیل اور گردونواح میں 5.2 شدت کا زلزلہ، ماہرین نے ٹیکٹونک پلیٹوں کی سرگرمی کو وجہ قرار دے دیا

بلوچستان میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 درمیانے درجے کے جھٹکے ریکارڈ
بلوچستان میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 درمیانے درجے کے جھٹکے ریکارڈ

کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران زلزلوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں کل سے اب تک درمیانے درجے کے پانچ زلزلے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ شدت کا زلزلہ آج صبح بارکھان، موسی خیل اور قریبی علاقوں میں محسوس کیا گیا، جس کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔ مسلسل آنے والے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پایا گیا، جبکہ کئی علاقوں میں لوگ احتیاطا گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری نے زلزلوں کے حالیہ سلسلے پر تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا جغرافیائی لحاظ سے یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ پر واقع ہیں، جہاں زمینی پرتوں کی مسلسل حرکت کے باعث وقتا فوقتا زلزلے آتے رہتے ہیں۔ انہوں نے یو این اے سے بات چیت میں بتایا کہ حالیہ زلزلے اسی ٹیکٹونک پلیٹ کی بالائی سطح پر رونما ہو رہے ہیں اور یہ صرف مقامی جغرافیائی سرگرمی کا نتیجہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر آنے والے بڑے زلزلوں کے اثرات بھی ان سے جڑے ہو سکتے ہیں۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق حال ہی میں وینزویلا میں آنے والے زلزلے کے بعد زمین کے اندر پیدا ہونے والی توانائی کی لہریں مختلف منسلک ٹیکٹونک پلیٹوں میں منتقل ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں دنیا کے مختلف حصوں میں زلزلوں کی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکٹونک پلیٹیں ایک دوسرے سے مربوط نظام کا حصہ ہوتی ہیں، اس لیے ایک بڑے زلزلے کے بعد دور دراز علاقوں میں بھی زمینی دبا تبدیل ہو سکتا ہے۔ امیر حیدر لغاری نے ماضی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سال 2000 سے 2011 کے دوران انڈونیشیا میں آنے والے متعدد طاقتور زلزلوں کے بعد جنوبی ایشیا میں بھی زمینی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا، اور اسی عرصے میں کشمیر کا تباہ کن زلزلہ بھی رونما ہوا، جس نے وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ زمین کے اندر توانائی کا نظام عالمی سطح پر ایک دوسرے سے مربوط ہے، تاہم ہر زلزلے کی براہِ راست وجہ کسی ایک دوسرے زلزلے کو قرار دینا سائنسی طور پر ممکن نہیں۔چیف میٹرولوجسٹ نے واضح کیا کہ زمین کے اندر پیدا ہونے والی توانائی کی لہریں جب تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوتیں، اس دوران مزید زلزلے یا آفٹر شاکس محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں درمیانے درجے کے مزید جھٹکوں کا امکان موجود ہے، تاہم ان کی شدت اور مقام کے بارے میں پیشگی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا بھر میں موجود جدید ترین سائنسی نظام بھی زلزلے کے درست وقت، مقام اور شدت کی پیش گوئی کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ سائنس دان صرف فالٹ لائنز، زمینی حرکات، ٹیکٹونک پلیٹوں کی سرگرمی اور ماضی کے ریکارڈ کی بنیاد پر ممکنہ خطرات کا اندازہ لگا سکتے ہیں، لیکن کسی مخصوص وقت پر زلزلے کی پیش گوئی ممکن نہیں ہے۔دوسری جانب بارکھان، موسی خیل، کوہلو، لورالائی، ژوب، ہرنائی، سبی اور ملحقہ علاقوں میں متعدد مقامات پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر کھلے مقامات پر نکل آئے۔ بعض علاقوں میں معمولی نوعیت کی دیواروں میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو اداروں اور مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔ متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور زلزلے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ زلزلے کے دوران گھبراہٹ سے گریز کریں، کمزور عمارتوں سے دور رہیں، ہنگامی اخراج کے راستوں سے آگاہ رہیں اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ افواہوں پر کان نہ دھرا جائے کیونکہ زلزلوں کے بارے میں غیر مصدقہ اطلاعات خوف و ہراس میں افزائش کا سبب بن سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے، اس لیے یہاں وقفے وقفے سے زلزلے آنا غیر معمولی بات نہیں، تاہم موجودہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی نئی پیش رفت سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button