اورماڑہ،مہمان خانے میں موٹر سائیکل بم دھماکے سے ایک شخص ہلاک، پولیس
جائے وقوعہ سے ریموٹ برآمد، ہلاک شخص تخریب کاری کی تیاری یا بارودی مواد منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، حکام کا خدشہ

اورماڑہ (یو این اے )اورماڑہ میں ایک مقامی مہمان خانے کے احاطے میں کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ معروف روحانی و مذہبی پیشوا سید مہیم جان بلوچ کی اس روایتی بیٹھک (مہمان خانے) میں پیش آیا جو مسافروں اور زائرین کی رہائش کے لیے ہر وقت کھلی رہتی ہے۔ دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس کے فورا بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت راجا ولد چار شمبے کے نام سے ہوئی ہے جو پسنی کے علاقے ماکولہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ایس ایچ او اورماڑہ بشیر احمد نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص گزشتہ شب دیگر مسافروں اور زائرین کی طرح سید مہیم جان کے مہمان خانے میں رات گزارنے کے لیے آیا تھا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق بارودی مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص مبینہ طور پر کسی دوسری حساس جگہ پر تخریب کاری کے حملے کی تیاری یا بارودی مواد منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران یہ دھماکہ وقت سے پہلے ہی وقوع پذیر ہو گیا جس کی زد میں آ کر وہ خود ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے باریک بینی سے معائنے کے دوران ہلاک شخص کے قریب سے ایک ریموٹ بھی برآمد ہوا ہے جس سے یہ شبہ انتہائی مضبوط ہو جاتا ہے کہ بم ممکنہ طور پر ریموٹ کنٹرولڈ تھا جو تیاری یا مانیٹرنگ کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث اچانک پھٹ گیا۔ تاہم پولیس اور دیگر حساس اداروں نے لاش کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد واقعے کے تمام پہلوں پر تفصیلی تفتیش شروع کر دی ہے اور سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مکمل اور حتمی محرکات کا تعین تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد ہی کیا جائے گا۔



