بلوچستان

ماہ رنگ بلوچ کے خلاف عدالتی فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، ہدایت الرحمن بلوچ

جماعت اسلامی ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی، صوبائی امیر

 ماہ رنگ بلوچ کے خلاف عدالتی فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، ہدایت الرحمن بلوچ
ماہ رنگ بلوچ کے خلاف عدالتی فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(یو این اے )امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کے خلاف آنے والا عدالتی فیصلہ انصاف کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں جس پر ہم شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں، بلوچستان میں لگی آگ کو انصاف، حقوق، وسائل، روزگار اور اختیارات کی فراہمی سے ہی بجھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کی پہچان انصاف، غیر جانبداری اور آئین و قانون کی بالادستی ہوتی ہے مگر بلوچستان میں صورتحال اس کے بالکل برعکس دکھائی دیتی ہے، ایسے فیصلے جو عوامی حلقوں میں سوالات اور تحفظات کو جنم دیں وہ ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو شدید متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی اور جمہوری آوازوں کو دبانے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو اس کے نتیجے میں بے چینی اور مزید پیچیدہ سیاسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جس کی ذمہ داری متعلقہ پالیسی سازوں پر عائد ہوگی۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ یہ فیصلہ صرف ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کے خلاف نہیں بلکہ بلوچستان اور ملک کے مستقبل کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، اگر ایسے اقدامات کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تو اس سے حالات مزید خراب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو امن، عدل اور انصاف فراہم کرنے سے احساسِ محرومی، ردعمل اور نفرت میں کمی آ سکتی ہے۔ صوبے میں بدامنی کی بنیادی وجوہات بے روزگاری، بدعنوانی، جائز انسانی و معاشی حقوق سے محرومی اور انصاف کی عدم فراہمی ہیں، یہاں عوامی آواز کو دبایا جا رہا ہے، وسائل اور اختیارات سے محروم رکھا جا رہا ہے اور جائز حقوق کے لیے آواز اٹھانے کو جرم بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوان روزگار، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، زندہ سلامت نوجوانوں کو ماورائے عدالت لاپتا کیا جاتا ہے اور بعض اوقات ان کی مسخ شدہ لاشیں ملتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان معاملات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بلوچستان میں کب تک جبر، لاقانونیت اور ناانصافی کا سلسلہ جاری رہے گا، جماعت اسلامی ظلم و لاقانونیت کے خلاف اپنی جدوجہد ہمیشہ جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button