بلوچستان میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں سرکاری اہلکاروں کااستعمال ہونے کا انکشا ف
May 2, 2026
کسٹم، ایکسائز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے “کابلی” گاڑیوں کے استعمال پر عوامی تشویش، شفاف تحقیقات کا مطالبہ کسٹم، ایکسائز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے “کابلی” گاڑیوں کے استعمال پر عوامی تشویش، شفاف تحقیقات کا مطالبہ کوئٹہ(یو این اے )کوبلوچستان میں نان کسٹم پیڈ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، جنہیں مقامی طور پر “کابلی گاڑیاں” کہا جاتا ہے، کے استعمال سے متعلق ایک سنگین انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں نہ صرف عام شہری بلکہ مبینہ طور پر کسٹم، ایکسائز اور پولیس سے وابستہ کئی سرکاری اہلکار بھی ایسی غیر قانونی گاڑیاں ذاتی اور سرکاری ڈیوٹی کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ یہ انکشاف اس لیے بھی تشویشناک ہے کہ ان اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہی ٹیکس چوری اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ پشین، قلعہ سیف اللہ، چمن، قلات، خضدار اور ساحلی شہروں حب و گوادر میں بھی ان گاڑیوں کا استعمال عروج پر ہے۔ کئی مقامات پر ان گاڑیوں کو قانونی رنگ دینے کے لیے سرکاری محکموں کی نمبر پلیٹس لگانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ شہری حلقوں اور معاشی ماہرین نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب قانون کے محافظ ہی قانون شکنی کریں گے تو عام شہری سے عملدرآمد کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔ شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے والے اس سلسلے کے خلاف شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔