بلوچستان

صوبے میں اخبارات کم پڑھتے ہیں حکومت نئی میڈیا پالیسی مرتب کر رہی ہے

بلوچستان اسمبلی نے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں جمعہ کے روز صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ اجلاس اسپیکر کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی کی صدارت میں 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، جس میں سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی، ضلع واشک کی خراب ایمبولینسوں کی مرمت اور صوبائی میڈیا پالیسی سمیت دیگر اہم امور پر بھی تفصیلی بحث ہوئی۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں شائع ہونے والے اخبارات کو کم لوگ پڑھتے ہیں، اس لیے حکومت نئی میڈیا پالیسی مرتب کر رہی ہے اور ڈیجیٹل میڈیا کی طرف جا رہی ہے۔ انہوں نے اخبارات پر زور دیا کہ وہ اپنے ملازمین کو سرکاری پالیسی کے مطابق تنخواہیں ادا کریں۔ علاوہ ازیں وزیراعلی نے اعلان کیا کہ ضلع واشک کی خراب ایمبولینسیں اپنے ذاتی فنڈ سے مرمت کرائی جائیں گی تاکہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس سے قبل رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی پر توجہ دلا نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال کے بڑے حصے کے گزرنے کے باوجود ادویات فراہم نہیں کی گئیں، جس سے غریب مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومتی وضاحت کے بعد ایوان نے توجہ دلا نوٹس نمٹا دیا۔بعد ازاں رکن اسمبلی اصغر علی ترین کی جانب سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کی قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد میں واضح کیا گیا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا اور وسائل سے مالامال صوبہ ہے مگر پسماندگی کا شکار ہے، اس لیے صوبے کی نمائندگی میں اضافہ ناگزیر ہے۔ قرارداد میں سفارش کی گئی کہ صوبائی اسمبلی کی نشستیں 65 سے بڑھا کر 85 کی جائیں اور قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نشستیں 28 کی جائیں۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر ظہور بلیدی، اپوزیشن لیڈر یونس زہری، رحمت صالح بلوچ، زمرک خان اچکزئی، خیر جان بلوچ اور زرین مگسی سمیت دیگر اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نشستوں میں اضافے سے صوبے کے مسائل کے حل اور عوامی نمائندگی کو تقویت ملے گی، جبکہ وفاقی حکومت کے ذریعے بلوچستان کی سیاسی اور عوامی حقوق کی بہتر نمائندگی ممکن ہو سکے گی۔بحث کے بعد ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی اور وفاقی حکومت سے بلوچستان کی نمائندگی بڑھانے کے لیے رجوع کرنے کی سفارش کی گئی۔ اجلاس بعد ازاں 23 فروری تک ملتوی کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button