بلوچستان

چمن میں قصاب یونین کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری گوشت کی سپلائی معطل

سرکاری نرخ نامہ ناقابل قبول، مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہڑتال جاری رہے گی، نادر قصاب
چمن(یو این اے )چمن میں قصاب یونین کی جانب سے سرکاری نرخ نامہ مسترد کرتے ہوئے ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی، جس کے باعث شہر بھر میں تمام چھوٹے اور بڑے قصاب خانے بند رہے اور گوشت کی سپلائی مکمل طور پر معطل رہی۔ گوشت کی عدم دستیابی کے باعث روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد پر پرائس کنٹرول کمیٹی نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خوردنی اشیا کے سرکاری نرخ نامے جاری کیے تھے، تاہم قصابوں نے گوشت کے مقررہ نرخ مسترد کرتے ہوئے احتجاجا ہڑتال کا اعلان کر کے شہر بھر میں گوشت کی فروخت بند کر دی۔قصاب یونین کے ضلعی صدر نادر قصاب کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بڑا گوشت سرکاری نرخ کے مطابق 1500 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ چمن میں 1050 روپے فی کلو سرکاری نرخ مقرر کیا گیا ہے جو قصابوں کے لیے ناقابل قبول ہے اور اس سے انہیں واضح نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری نرخ نامے پر نظرثانی کی جائے اور قصابوں کے تحفظات دور کیے جائیں، بصورت دیگر ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔دوسری جانب شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر مسئلے کو حل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور گوشت کی فراہمی بحال ہو سکے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button