
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ نے واقعے پر شدید برہمی اور غم و غصے کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) وسیم شمشاد کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کو ڈی جی ایس بی سی اے وسیم شمشاد کی معطلی اور ان کے خلاف انکوائری کی سفارش بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے ایس بی سی اے کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے، عمارت کے مالک اور بلڈر کو گرفتار کرنے جبکہ عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی شاملِ تفتیش کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ انکوائری کے بعد اگر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کوئی ملازم ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔



