
کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان کے مختلف اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران فتن الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 نومبر سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 20 نومبر کو نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 21 نومبر کو سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کی گئی کارروائی میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں کارروائیوں کے دوران مزید 2 دہشت گرد ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی اور ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔



