بلوچستانتازہ ترین

نیشنل پارٹی عوام کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتی ہے، عبدالمالک بلوچ

عوام کے احساسات اور مشکلات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے

 

عوام کے احساسات اور مشکلات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے
عوام کے احساسات اور مشکلات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے

کوئٹہ(یو این اے)نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تحصیل کردگاپ کے مختلف علاقوں میں گولہ باری، عوامی املاک کو نذرِ آتش کرنے اور مقامی آبادی کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلی پسند خان کے بازار کو جلانے کی اطلاعات نہ صرف انتہائی افسوسناک بلکہ قابلِ مذمت ہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کو خالی کروانے اور لوگوں کو اپنے آبائی علاقوں سے بے دخل کرنے کا اقدام ناقابلِ قبول ہے، نیشنل پارٹی عوام کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتی ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ عوام کے احساسات اور مشکلات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، دونوں جانب سے جاری صورتحال میں عام شہری شدید مشکلات، خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ کسی بھی اقدام میں شہری آبادیوں کے تحفظ، انسانی جانوں اور بنیادی حقوق کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔دریں اثنا نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے تحصیل کردگاپ کے متاثرہ علاقوں کے معتبرین اور معززین پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں گرگینہ، کلی پسند خان، کلی مزار خان، کلی ملک زکریا، موسی خان، کلی ضہگی، کلی خراسانی، کلی محمد حسنی نمبر 1 اور 2، کلی ابابکی نمبر 1 اور 2، کلی کفتاری، کہنہ جدید، کلی شربت خان نمبر 1 اور 2، کلی میر احمد رودینی اور کلی رودینی کے نمائندے شامل تھے۔وفد نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو علاقے کی بدترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آبادیوں اور گھروں پر مارٹر گولوں کی فائرنگ اور گولہ باری نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری گولہ باری کے نتیجے میں اب تک ایک درجن کے قریب افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ کلی پسند خان کے بازار کو نذرِ آتش کرنے سے کروڑوں روپے مالیت کی املاک، دکانیں، مال مویشی، درجنوں مکانات اور زیورات جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔وفد کے مطابق کلی کفتاری اور کلی خراسانی کی تمام دکانیں بھی جلا دی گئی ہیں، جبکہ زرعی اسکیموں کے سولر سسٹم تباہ کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب مقامی آبادی کو 24 گھنٹوں کے اندر زبردستی علاقے سے نکلنے کے احکامات دیے جا رہے ہیں، جس سے ہزاروں خاندان شدید خوف و ہراس اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔وفد کے مطابق ان واقعات کے نتیجے میں چار یونین کونسلوں پر مشتمل علاقے کے تقریبا 70 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ وفد نے نیشنل پارٹی کے سربراہ سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تاکہ عوام کو تحفظ حاصل ہو اور نقصانات کا ازالہ ہو۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button