
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں اب ڈالہ کلچر، بدمعاشی اور سفارش کی کوئی گنجائش نہیں، صرف میرٹ کی بنیاد پر کام ہورہا ہے۔
راولپنڈی میں ہونہار اسکالرشپ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہزار دنوں میں پنجاب کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں صوبہ جادو ٹونے پر چلتا تھا اور شہروں کی سڑکوں پر دھول اڑتی تھی۔
انہوں نے مخالفین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار ہے۔ جو لوگ کہتے تھے کہ ترقیاتی منصوبوں پر صرف لاہور میں پیسہ خرچ ہوتا ہے، وہ لیہ اور بھکر آکر ترقیاتی کام دیکھیں۔
مریم نواز نے کہا کہ وسائل میں کمی کے باوجود صوبے میں کام کیا گیا، اگر وسائل زیادہ ہوتے تو ایک ہزار دنوں میں ایسی ترقی ہوتی جسے سب دیکھتے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی کو ایک بار پھر ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔



