
دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جن میں 7 خصوصی منصوبوں کے لیے 19 ارب 27 کروڑ روپے جبکہ 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ترقیاتی پیکج کے تحت امن و امان کے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
صحت کے شعبے میں 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے جبکہ تعلیم کے 72 منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے، جبکہ 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن اور 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جن میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو سولرائز کیا جائے گا، جبکہ 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم کے لیے اسکالرشپس دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیگر 25 اضلاع میں بھی مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔



