
پاکستان کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے شوبز انڈسٹری میں سینئر فنکاروں کے ساتھ ہونے والے رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران اداکارہ نے پی ٹی وی کے دور کو یاد کیا اور موجودہ شوبز انڈسٹری کے حالات پر گفتگو کی۔
غزالہ جاوید کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب کام کرنا بہت کم کردیا ہے۔ اگر پروڈکشن اور ٹیم اچھی ہو تو کام کریں گی، ورنہ کام کرنے سے گریز کریں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ انڈسٹری میں اب عزت دینے کا رواج ختم ہوتا جارہا ہے اور سینئر فنکاروں کی عزت تقریباً صفر ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ایسے لوگوں کے نخرے اٹھائے جاتے ہیں جو بدتمیز اور اپنے کام میں غیر سنجیدہ ہوتے ہیں، جبکہ یہی لوگ زیادہ مقبول بھی ہوجاتے ہیں۔
غزالہ جاوید کے مطابق سینئر فنکار سیٹ پر وقت پر پہنچ جاتے ہیں لیکن جونیئر یا مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکار انہیں گھنٹوں انتظار کرواتے ہیں۔



