
کوئٹہ (یو این اے)رکنِ بلوچستان صوبائی اسمبلی شاہدہ روف نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کی جانب سے سرحدیں (بارڈر)کھولنے کے حوالے سے دیے گئے بیان کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس معاملے پر مثبت سوچ انتہائی خوش آئند ہے۔ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شاہدہ روف نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے پاس ذریعہ معاش کے محدود مواقع ہونے کے باعث بارڈر ٹریڈ (سرحدی تجارت)صوبے کی معیشت اور مقامی آبادی کے روزگار کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرحدیں کھولنے کے حوالے سے محض بیانات کے بجائے جلد از جلد عملی طور پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ سرحدی علاقوں سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کا روزگار بحال ہو سکے اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔



