ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا
ریکارڈ ایل پی جی کارگو کی آمد سے موسم سرما میں گیس کی فراہمی بہتر ہونے کی توقع

پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا، جسے ایل پی جی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
نئے نظام کے تحت پہلے بڑے ایل پی جی کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم مرزا ناصرالدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ 15 ہزار میٹرک ٹن کا ریکارڈ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔
اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کررہی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں ایل پی جی کے مزید جہاز پہنچنے کی توقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر ہوگی اور عوام کو ریلیف مل سکے گا۔



