
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو ٹی وی پروگرامز اور پریس کانفرنسز کے بجائے پارلیمنٹ میں زیرِ بحث لایا جائے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بھی یہی چاہتی ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پارلیمنٹ میں ہو، کیونکہ حتمی فیصلہ اسی فورم پر ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ پیپلز پارٹی نے نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) نے اٹھایا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اس پر پارلیمنٹ میں بحث کیوں نہیں کی جارہی؟
عطاء اللہ تارڑ کو مخاطب کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اگر براہِ راست عوام سے ووٹ لینا ہے تو اس بات پر بھی ریفرنڈم کرالیں کہ ملک کا وزیراعظم کون ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین میں ریفرنڈم کی شق موجود ہے، تاہم جن معاملات کے لیے آئین میں باقاعدہ طریقہ کار طے ہے، ان پر ریفرنڈم کرانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔



