
کوئٹہ: کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث گندم کا بحران پیدا ہوا ہے، جبکہ 50 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 8 ہزار 400 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ صوبائی حکومت فوری طور پر پاسکو سے گندم کی خریداری کرے تاکہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام لایا جاسکے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد حسین باٹھ نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کھاد سے متعلق پابندی ختم کردی ہے، جو ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ کسانوں سے 4 ہزار من گندم خریدی جائے گی، لیکن دوسری جانب آج بھی بیرون ملک سے ڈالرز کے عوض گندم درآمد کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کپاس اور گندم سمیت مختلف زرعی اجناس بیرون ملک سے خریدی جارہی ہیں، ایسے حالات میں پاکستان کے کسان کہاں جائیں؟ کسانوں کے ساتھ ناانصافی کا سلسلہ جاری رہا تو زرعی شعبہ مزید متاثر ہوگا۔ غریب کسانوں کا معاشی قتل بند کیا جائے اور انہیں اپنی محنت کا مناسب معاوضہ دیا جائے۔خالد حسین باٹھ نے کہا کہ بلوچستان میں تقریبا 4 لاکھ ایکڑ اراضی پر گندم اور گنے کی کاشت سے وابستہ کسانوں کو بڑا نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شوگر ملز کو ریگولیٹ کیا جائے اور کسانوں کو گنے کی فصل کا منصفانہ معاوضہ یقینی بنایا جائے۔ سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شوگر ملز کے مالکان وہاں کی حکومتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرحدی راستوں کے کھلنے کی اطلاعات خوش آئند ہیں، جس سے تجارت اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکتا ہے۔ حکومت کسانوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے ان پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعوی بھی دائر کیا گیا ہے، جسے وہ غلط ثابت کریں گے۔کسان اتحاد کے چیئرمین نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے کسانوں کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔



