
امریکی ایوانِ نمائندگان کی ری پبلکن جماعت نے جیفری ایپسٹین جنسی اسکینڈل کی 15 ماہ کی تحقیقات کے بعد 136 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کردی۔
دی نیوز انٹرنیشنل کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کئی دہائیوں تک جیفری ایپسٹین اور اس کی ساتھی گِسلین میکسویل کے جنسی جرائم کا شکار افراد کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ 2005ء کے بعد ہونے والے جرائم کو روکا جاسکتا تھا، تاہم جنوبی فلوریڈا اور واشنگٹن میں تحقیقاتی اداروں اور وفاقی استغاثہ کی غفلت کے باعث ایسا نہ ہوسکا۔
رپورٹ میں مالیاتی اداروں اور سرکاری محکموں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کہ انہوں نے انسانی اسمگلنگ اور مشکوک مالی لین دین سے متعلق انتباہی اشاروں کو نظر انداز کیا۔
ایوان کی نگراں کمیٹی نے محکمۂ انصاف سے اہم گواہوں کے دوبارہ بیانات لینے، مزید الزامات کی تحقیقات اور متاثرین کو غیر ترمیم شدہ سرکاری ریکارڈ تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایپسٹین کے جرائم میں ملوث نہیں تھے، جبکہ ڈیموکریٹس پر انہیں اسکینڈل سے جوڑنے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
ری پبلکن ارکان نے قانون سازی کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنسی استحصال کے متاثرین اور گواہوں کو رازداری کے معاہدوں کی پابندی کے بغیر عوامی سطح پر اپنے بیانات دینے کی اجازت ہونی چاہیے۔



