
واٹس ایپ اپنے یوزر نیم فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے پرائیویسی فیچر کی آزمائش کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین یہ طے کرسکیں گے کہ کون ان کا فون نمبر دیکھ سکتا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں اس فیچر کے آثار سامنے آئے ہیں۔ اس کے تحت صارفین کو فون نمبر کی پرائیویسی کے لیے چار آپشنز دیے جائیں گے، جن میں ایوری ون، مائی کانٹیکٹس، مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ اور نو باڈی شامل ہیں۔
صارفین ان میں سے کسی ایک آپشن کا انتخاب کرکے فیصلہ کرسکیں گے کہ کالز اور چیٹس کے دوران کون ان کا فون نمبر دیکھ سکتا ہے۔
یہ فیچر صرف یوزر نیم استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ تاہم جو افراد پہلے ہی صارف کا فون نمبر جانتے ہیں، انہیں کالز اور چیٹس میں نمبر نظر آتا رہے گا، جبکہ یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کرنے والے افراد فون نمبر نہیں دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ نے جون 2026 میں یوزر نیم فیچر متعارف کرایا تھا، تاہم یہ ابھی تمام صارفین کے لیے مکمل طور پر دستیاب نہیں۔ صارفین فی الحال اپنے یوزر نیم کا انتخاب کرکے اسے ریزرو کراسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نئے پرائیویسی فیچر پر ابھی کام جاری ہے اور یہ بیٹا صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں، اس لیے اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔



