
دکی(یو این اے)ضلع دکی کے علاقے رباط میں باراتیوں کو لے جانے والی پک اپ گاڑی حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 3 بچیاں موقع پر ہی جاں بحق جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 20 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والی تینوں معصوم بچیاں ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں بھی زیادہ تعداد بچوں اور بچیوں کی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق ہونے والی بچیوں کی لاشوں اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا۔ جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد 2 شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیشِ نظر لورالائی ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں پک اپ ڈرائیور نے بتایا کہ حادثہ اچانک گاڑی کا اسٹیئرنگ لاک ہو جانے کے باعث پیش آیا، جبکہ حادثے میں ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔



