
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا ہے کہ کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام ڈویژنل پوسٹوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور وہاں افسران و عملے کی تعیناتی بہت جلد عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور حکومتی اداروں تک رسائی آسان بنانے کے لیے چھوٹے انتظامی یونٹس، ڈویژنز اور اضلاع کا قیام ناگزیر ہے۔شمالی ڈیرہ بگٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے مخصوص جغرافیائی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ انتظامی ڈھانچے کو عوام کی ضروریات کے مطابق تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث اب شروع ہوئی ہے، جبکہ بلوچستان میں ہم نے یہ عمل دو سال قبل ہی شروع کر دیا تھا تاکہ سول حکومت تک عام آدمی کی رسائی ممکن ہو سکے۔وزیراعلی نے مزید کہا کہ رکھنی کو بلوچستان کا مثالی ڈویژن بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رکھنی میں ترقیاتی کاموں کو کرپشن مافیا اور کمیشن کی لعنت سے پاک رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں، اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے محکمہ مواصلات و تعمیرات خود تمام کام انجام دے رہا ہے۔ گوادر آپریشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی تعریف کی اور کہا کہ اگست کے بعد صوبے میں دہشت گردی کے واقعات کے رجحان میں کمی آنا ایک مثبت پیش رفت ہے۔



