
اوتھل (یو این اے)ضلع لسبیلہ میں اوتھل زیرو پوائنٹ کے قریب مسافر کوچ اور ویگن کے درمیان انتہائی خوفناک تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے، جن میں 8 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ دردناک حادثہ اوتھل زیرو پوائنٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب گوادر سے کراچی کی طرف جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ سامنے سے آنے والی ویگن سے تصادم کر گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ 11 افراد موقع پر اور ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضروری ضابطے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور حادثے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔



