
کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق درخواست تکنیکی طور پر قبل از وقت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی اور معاملہ ہدایات کے ساتھ الیکشن کمیشن کو واپس بھجوا دیا۔چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل بینچ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کے تنازع پر الیکشن کمیشن کے اختیارات کو چیلنج کیا تھا۔عدالت نے قرار دیا کہ انتخابی نشان معطل کرنے کا کوئی حتمی حکم موجود نہ ہونے کے باعث درخواست قبل از وقت ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ پارٹی کے ترمیمی آئین پر اعتراضات کا جواب دینے کا موقع فراہم کیا جائے۔ انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے مزید مہلت دینے یا نہ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، جس کے معاملے میں عدالت مداخلت نہیں کرے گی۔



