
کوئٹہ (یو این اے)جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان نے اتنی معافیاں مانگ لی ہیں کہ اب معافیاں بھی بدنام ہوگئی ہیں۔ سینیٹر شکور غبیزئی اور رکن بلوچستان اسمبلی حاجی زابد ریکی کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جانے کے بعد حکومت کی جانب سے معذرت کیے جانے پر انہوں نے اسے سمجھ سے بالاتر طرزِ عمل قرار دیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الواسع نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور وزیراعلی یا تو بے اختیار ہیں یا فیصلے قسطوں میں کرتے ہیں۔ ان کے مطابق جن افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، اگر ان کے خلاف عملی اقدام نہیں کیا جائے گا تو محض معافی مانگنے سے معاملات حل نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر وزیراعلی نے معذرت کی تھی، تاہم اب تک مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے حکومت کی جانب سے واضح پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔مولانا عبد الواسع نے معدنیات سے متعلق قانون کے معاملے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو دھوکہ دیا، بعد ازاں بل واپس لینے کا اعلان کیا، مگر مسئلہ تاحال حل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کے حوالے سے اپوزیشن اور سیاسی جماعتوں نے اتفاقِ رائے سے ایک مسودہ تیار کرکے جمع کرایا تھا، تاہم معاملات اب بھی جوں کے توں ہیں۔جے یو آئی بلوچستان کے صوبائی امیر نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مدارس اور معدنیات ایکٹ کے معاملات پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو جمعیت علمائے اسلام دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔انہوں نے بلوچستان میں مبینہ طور پر نجی ملیشیا کی موجودگی پر بھی اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پرائیویٹ ملیشیا کو واپس بھیجا جائے۔مولانا عبد الواسع نے کہا کہ ملک کے اصل مالک عوام اور سیاست دان ہیں، حکمران نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 17 نومبر سے بلوچستان کا دورہ شروع کیا جائے گا اور جمعیت علمائے اسلام عوام کے پاس جائے گی۔



