بلوچستانتازہ ترین

واسا نے سوشل میڈیا پر الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا

پانی بحران کے باوجود شہریوں کو شیڈول کے مطابق فراہمی جاری

واجبات کی عدم ادائیگی مالی مشکلات کی بڑی وجہ ہے، ترجمان
واجبات کی عدم ادائیگی مالی مشکلات کی بڑی وجہ ہے، ترجمان

کوئٹہ (پ ر) واسا حکام نے سوشل میڈیا کے ایک صفحے پر ادارے کی کارکردگی سے متعلق کی جانے والی تنقید اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

ترجمان واسا کے مطابق ایک سال سے نان کیڈر افسر کی تعیناتی اور پانی کے بحران سے متعلق سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ میں پانی کی قلت ایک دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی، آبادی میں اضافہ اور محدود وسائل شامل ہیں۔ ان چیلنجز کے باوجود واسا دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ شہر کو ٹینکر سروس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ واسا کی جانب سے باقاعدہ شیڈول کے تحت مختلف علاقوں میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ہنگامی بنیادوں پر ٹینکر سروس بھی جاری ہے۔

ترجمان واسا نے کہا کہ صارفین کی ایک بڑی تعداد پانی کے واجبات ادا نہیں کر رہی، جس کے باعث ادارے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق شہریوں کے ذمے کروڑوں روپے کے بقایاجات ہیں، جو نظام کی بہتری اور پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر براہِ راست اثر انداز ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود واسا کے ملازمین اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور شہر میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ ادارے کی کارکردگی پر تنقید کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو بھی مدنظر رکھا جائے اور پانی کے واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button