
پنجگور (یو این اے)تحصیل گوارگو کے علاقے فتح علی بازار میں بارودی مواد پھٹنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچے درخت کے نیچے کھیل رہے تھے کہ انہیں ایک مشتبہ چیز ملی۔ بچوں نے اسے کھیلنے کی کوشش کی تو اچانک دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔جاں بحق بچوں میں 9 سالہ ارمان ولد انور اور 10 سالہ عمل ولد سالم شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 9 سالہ شاہد، 7 سالہ زاہد ولد شاہد اور 12 سالہ نوراللہ ولد رفیق شامل ہیں۔واقعے کے بعد جاں بحق بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بچوں کو ملنے والا مشتبہ مواد کس نوعیت کا تھا اور آیا وہ دستی بم، بارودی مواد یا کوئی اور دھماکہ خیز چیز تھی۔ پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی نوعیت اور دھماکے کی وجوہات سے متعلق مزید معلومات سامنے آسکیں گی۔



