
مستونگ (یو این اے) تحصیل کھڈکوچہ کے علاقے ریکی بوز میں گزشتہ شام نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ بم دھماکے کے ذریعے مدینہ ہوٹل کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ہوٹل کی عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی۔مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ہوٹل سے ملحقہ پرچون کی دکان بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جبکہ قریبی ٹیوب ویلوں کی سولر پلیٹس کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے باعث آس پاس واقع گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کا جائزہ لینے کے ساتھ شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت، محرکات اور واقعے میں ملوث عناصر کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہوسکے گا، جبکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔



