
کوئٹہ (پ ر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں سابق صوبائی وزیر اور پارٹی چیئرمین عبدالخالق ہزارہ کو اینٹی کرپشن عدالت سے مقدمے میں باعزت بری کیے جانے کو پارٹی کی اخلاقی و سیاسی فتح قرار دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران بعض عناصر نے پارٹی قیادت کے خلاف مسلسل منفی پروپیگنڈا اور ہرزہ سرائی کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، تاہم پارٹی کے مطابق عوام نے ان کوششوں کو مسترد کیا اور 2024 کے انتخابات میں پارٹی کے نامزد امیدواروں کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیے۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بیان میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ پارٹی کی سیاسی کارکردگی سے خوفزدہ عناصر نے انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی اور پارٹی قیادت و کارکنوں کے خلاف مقدمات قائم کرکے انہیں جمہوری سیاسی جدوجہد سے ہٹانے کی کوشش کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ اس سے قبل بھی پارٹی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مقدمات کے ذریعے انہیں کوئٹہ کے شہریوں کے حقوق کی جدوجہد سے دستبردار کرانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں، تاہم قیادت اور کارکنوں نے ثابت قدم رہتے ہوئے قانونی اور سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔پارٹی نے عبدالخالق ہزارہ کو مقدمے سے بری ہونے پر قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کے حقوق کے لیے جمہوری اور سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔



