
سوراب (سراج ریکی)سوراب میں 27 ستمبر سے شروع ہونے والے تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے کوئٹہ، مستونگ، منگچر، قلات، نوشکی، چاغی اور پشتون بیلٹ سے آنے والے قافلوں اور مسافروں سے دورانِ سفر خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق سوراب کی جانب آنے والے بعض راستوں پر سڑکوں کی خستہ حالی، گہرے نشیب و فراز، ٹوٹی ہوئی پلیوں اور سڑک پر موجود کچی مٹی کے باعث سفر کے دوران حادثات کا خدشہ ہے۔ بعض مقامات پر شدید گرد و غبار کے باعث سامنے سے آنے والی ٹریفک واضح دکھائی نہ دینے سے حادثات کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔مسافروں، بالخصوص موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی گئی ہے کہ رفتار کم رکھیں، غیر ضروری اوور ٹیکنگ اور تیز رفتاری سے گریز کریں اور رات کے اوقات میں سفر کرتے ہوئے اضافی احتیاط برتیں۔اپیل میں کہا گیا ہے کہ اجتماع میں شرکت بلاشبہ باعثِ سعادت ہے، تاہم اپنی اور دیگر مسافروں کی جانوں کی حفاظت بھی اولین ذمہ داری ہے۔ قافلہ منتظمین سے بھی کہا گیا ہے کہ ڈرائیورز کو محتاط ڈرائیونگ اور سفر کے دوران مناسب وقفے کرنے کی ہدایت کریں۔دوسری جانب سوراب میں رات کے اوقات میں موسم سرد ہونے کے پیش نظر اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو گرم کپڑے، کمبل اور مناسب بستر ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سردی سے محفوظ رہتے ہوئے اجتماع میں شرکت کی جاسکے۔



