بلوچستانتازہ ترین

دکی میں کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر مسلح حملہ، سیکیورٹی گارڈ شہید، 12 مزدور اغوا

نانا صاحب زیارت میں 40 سے 45 مسلح افراد کا دھاوا

مشینری اور 4 گاڑیوں کو آگ لگا دی، مغوی مزدوروں کے نام بھی سامنے آگئے
مشینری اور 4 گاڑیوں کو آگ لگا دی، مغوی مزدوروں کے نام بھی سامنے آگئے

دکی (یو این اے) بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت کے پلڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے دکی سے چمالنگ تک سڑک تعمیر کرنے والی ایس ایم سی کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ اور ایک راہگیر سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ حملہ آور 12 مزدوروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔پولیس کے مطابق گزشتہ شب تقریبا ساڑھے 10 بجے 40 سے 45 کے قریب مسلح افراد نے کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر دھاوا بولا۔ حملہ آوروں نے مزدوروں کے شناختی کارڈز چیک کیے اور 12 مزدوروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والے مزدوروں میں نعمان احمد، باسط خان، سکندر، شاہد، احتشام، نعیم اللہ، سمیع اللہ، افشاد احمد، شمن، میر حسن، فضل الرحمن اور آفتاب شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والے مزدوروں میں 10 کا تعلق پنجاب، ایک کا دکی کے مقامی علاقے جبکہ ایک کا خیبر پختونخوا سے بتایا جاتا ہے۔فائرنگ کے نتیجے میں کمپنی کا ایک سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ اور ایک راہگیر زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا۔حملہ آور فرار ہوتے ہوئے کیمپ میں موجود بھاری مشینری اور چار گاڑیوں کو بھی آگ لگا گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مغوی مزدوروں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔واضح رہے کہ دکی سے چمالنگ تک 105 کلومیٹر سڑک تعمیر کرنے والی کنسٹرکشن کمپنی کے مختلف سائٹ کیمپوں پر اس سے قبل بھی متعدد حملے ہوچکے ہیں، جن میں کمپنی کی مشینری کو نذرِ آتش کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button