
کوئٹہ (یو این اے)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کنک وادی میں 9 دہشتگردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔اپنے بیان میں وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کو بروقت اور مثر انداز میں ناکام بنایا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور 3 موٹرسائیکلوں کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشتگرد عناصر بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے ریاستی ادارے پوری قوت سے سرگرم عمل ہیں۔



