
قلات(یو این اے)ضلع قلات کے علاقے گیڈر میں نامعلوم مسلح افراد نے ایدھی فانڈیشن کی ایمبولینس کو روک کر مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔ذرائع کے مطابق واقعہ بدھ 23 ستمبر کو صبح تقریبا 7 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ ایدھی فانڈیشن کی ہائی ایس ایمبولینس نمبر EA-2008 سول اسپتال قلات سے تقریبا 110 کلومیٹر دور گیڈر کے علاقے میں ایک خاتون کی میت منتقل کرنے کے بعد واپس ایدھی قلات سینٹر آرہی تھی کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے اسے روک لیا۔ذرائع کے مطابق مسلح افراد ایمبولینس کو اپنی تحویل میں لے کر نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ایمبولینس اور اس میں موجود عملے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔حکام کے مطابق واقعے کے محرکات اور مسلح افراد کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ ایمبولینس کی بازیابی اور واقعے میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔



