
ہرنائی(یو این اے)ضلع ہرنائی کے کوئلہ مائنز ایریا طالب لیز میں نامعلوم مسلح افراد نے 5 کوئلہ کانوں میں نصب قیمتی مشینری کو آگ لگا کر نذرِ آتش کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ٹھیکیداران عبدالخالق، حضرت، محمد نبی، شیخ محمد اور نجیب اللہ کی کوئلہ کانوں کو نشانہ بنایا اور وہاں نصب 3 انجن اور 2 کمپریسر سمیت قیمتی مشینری کو جلا دیا، جس کے نتیجے میں ٹھیکیداروں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں اثنا صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین فوڈ اتھارٹی بلوچستان حاجی نور محمد خان دومڑنے گزشتہ شب طالب لیز میں کوئلہ کانوں کی مشینری جلانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے مذمتی بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے غریب ٹھیکیداروں کی مشینری کو نذرِ آتش کرنا بزدلانہ اور قابلِ مذمت کارروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلہ کانوں میں مشینری جلانے والے شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے اور صوبے میں امن خراب کرنے والے عناصر کا جلد صفایا کیا جائے گا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔



