
کوئٹہ (یو این اے) قلات کے قریب قومی شاہراہ این-25 پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک اور ان کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے شاہراہ پر عوامی آمدورفت میں خلل ڈالنے، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کے لیے مبینہ چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بازیاب کرایا گیا، جبکہ 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کرلی گئیں۔سیکیورٹی فورسز نے ٹھکانے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا۔ حکام کے مطابق علاقے میں کلیئرنس کارروائی جاری ہے تاکہ باقی ممکنہ عناصر کا خاتمہ اور قومی شاہراہ پر عوام کی آمدورفت کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔دوسری جانب ضلع خاران میں لجے روڈ پر ایک مسافر گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا گیا۔ سرکاری ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق حملے میں 9 مزدور زخمی ہوئے جنہیں سیکیورٹی فورسز نے فوری طبی امداد کے بعد مقامی صحت مرکز منتقل کیا۔ بعض سیکیورٹی رپورٹس میں زخمیوں کی تعداد 10 بتائی گئی ہے، اس لیے حتمی تعداد کے حوالے سے سرکاری تصدیق مختلف ہے



