
کوئٹہ (یو این اے)کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے سینئر صحافی اور یو این اے کے بیورو چیف نصیر احمد پر مبینہ مسلح تشدد کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس سے ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے مشترکہ بیان کے مطابق باری کاکڑ نامی شخص، جو اپنے آپ کو سماجی رہنما بتاتا ہے، نے گزشتہ روز صحافی نصیر احمد کو ایک گھریلو تنازع کے تصفیے کے لیے اپنے پاس بلایا تھا۔ نصیر احمد اپنے دیگر چار دوستوں کے ہمراہ معاملہ حل کرانے کے لیے وہاں پہنچے۔بیان کے مطابق مبینہ طور پر باری کاکڑ نے تصفیے کے لیے آنے والے افراد پر حملہ کردیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران صحافی نصیر احمد اور دیگر افراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔دونوں صحافتی تنظیموں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کے خلاف فوری طور پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور متاثرہ صحافی سمیت دیگر افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے۔کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے کہا کہ صحافیوں اور شہریوں پر کسی بھی قسم کا تشدد ناقابل قبول ہے، جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا تاخیر کارروائی ہونی چاہیے۔



