
کوئٹہ (یو این اے)صحافی نصیراحمد پر مبینہ تشدد کے واقعے کا وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی، جس پر کوئٹہ پولیس نے ملزم ملک باری کاکڑ کے خلاف تھانہ گوالمنڈی میں مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی بلوچستان کی ہدایات پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیا الحق مندوخیل نے صحافی پر تشدد کے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور قانونی کارروائی شروع کی۔وزیراعلی کے اسٹاف آفیسر سید امین نے بھی پولیس حکام اور متاثرہ صحافی نصیراحمد سے رابطہ کرکے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔پولیس کے مطابق ملزم ملک باری کاکڑ کے خلاف تھانہ گوالمنڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں۔



