بلوچستانتازہ ترین

سردار عیسی خان گرلز ہائی اسکول میں تشدد بدسلوکی مذمت

طالبات والدین اور خواتین اساتذہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے

الزامات ثابت ہونے پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے، ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن
الزامات ثابت ہونے پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے، ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن

کوئٹہ(یو این اے )ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے گورنمنٹ سردار عیسی خان گرلز ہائی اسکول کوئٹہ میں طالبات، والدین اور خواتین اساتذہ کے ساتھ مبینہ تشدد، ہراسانی اور بدسلوکی سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات پر گہری تشویش اور شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف ایک تعلیمی ادارے کے تقدس اور نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ طالبات کے محفوظ، پرامن اور باعزت تعلیمی ماحول کے بنیادی حق کی بھی خلاف ورزی ہے۔فیڈریشن نے کہا کہ کسی استاد یا انتظامی عہدیدار کو ذاتی یا انتظامی مفادات کے لیے طالبات کو استعمال کرنے، انہیں تشدد یا اشتعال انگیزی کا نشانہ بنانے، والدین سے بدسلوکی کرنے یا تعلیمی ادارے کا ماحول کشیدہ کرنے کا حق حاصل نہیں۔ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے حکومت بلوچستان، محکمہ تعلیم اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی فوری، غیر جانب دار اور شفاف انکوائری کرائی جائے، تمام متعلقہ فریقین کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں اور الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔بیان میں طالبات، والدین اور خواتین اساتذہ کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کسی بھی قسم کے مذہبی، لسانی یا گروہی تعصب کو برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔فیڈریشن نے کہا کہ تعلیمی ادارے ذاتی مفادات، گروہی کشمکش یا باہمی انتقام کا میدان نہیں بلکہ بچوں کے محفوظ مستقبل کی بنیاد ہیں۔ محکمہ تعلیم کی ذمہ داری ہے کہ اسکول میں فوری طور پر پرامن، محفوظ اور تعلیمی ماحول بحال کیا جائے تاکہ طالبات بلاخوف اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے متاثرہ طالبہ کی والدہ اور دیگر متاثرہ افراد سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف، تحفظ اور ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button