
کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیم لہڑی پر مشتمل بنچ نے پاکستان میں افغان شہریوں کی میڈیکل و ڈینٹل تعلیم اور پوسٹ گریجویٹ تربیت جاری رکھنے سے متعلق آئینی درخواست نمبر 1334 آف 2026 خارج کردی ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ غیر ملکی شہری پاکستان میں قیام، تعلیم یا تربیت جاری رکھنے کا ایسا ناقابلِ تنسیخ حق نہیں رکھتے جو ریاستی پالیسی کے خلاف ہو۔ عدالت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے افغان شہریوں کے میڈیکل اداروں میں داخلے، منتقلی اور سہولت کاری سے متعلق جاری ہدایات میں مداخلت سے بھی انکار کردیا۔عدالت نے قرار دیا کہ امیگریشن، غیر ملکی شہریوں کی واپسی، قیام اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات بنیادی طور پر انتظامیہ کے دائر اختیار میں آتے ہیں، لہذا ایسے معاملات میں عدالتی مداخلت محدود دائرے میں ہی ہوسکتی ہے۔فیصلے میں بلوچستان ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ افغان شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کے ساتھ انسانی وقار، انصاف اور قانون کے مطابق سلوک کیا جانا لازم ہے، تاہم یہ تحفظات پاکستان میں قیام یا تعلیم و تربیت جاری رکھنے کا غیر محدود یا مستقل حق پیدا نہیں کرتے۔عدالت نے آئینی درخواست کو ابتدائی مرحلے ہی میں خارج کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو اپنی شکایات کے ازالے کے لیے افغانستان کے سفارت خانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔



